غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، جنگ بندی ختم ہونے کے بعد دو دن میں 240 فلسطینی شہید

غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، جنگ بندی ختم ہونے کے بعد دو دن میں 240 فلسطینی شہید

غزہ:اسرائیل اور حماس کے درمیان 7 روزہ عارضی جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فوج کا غزہ پر دوبارہ بمباری جاری ہے، دو دن میں 240 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

 جنگ کا دائرہ خطے میں پھیلانے کی کوشش شروع کرتے ہوئے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے اور لبنانی سرحد پر بھی حملے کردیے۔

 فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ لڑائی میں وقفہ ختم ہونے کے بعد سےغزہ کے علاقے میں اب تک 240 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں ہر جگہ سینکڑوں فضائی حملوں اور بحریہ کی بمباری میں مزید 650 افراد زخمی ہوئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز نے خاص طور پر خان یونس کو نشانہ بنایا، جہاں درجنوں مکانات تباہ ہوئے جب کہ لوگ اپنے گھروں کے اندر تھے۔

دوسری جانب شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا۔ ساتھ ہی ساتھ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں جنگجوؤں کے ایک یونٹ پر بھی حملہ کیا۔

دریں اثناء، ثالثی کا کردار ادا کرنے والے قطر کا کہنا ہے کہ لڑائی میں ایک اور وقفے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے کے سربراہ نے ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محصور علاقے میں فلسطینی "بیماری، تباہی اور موت میں گھرے ہوئے ہیں"۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

مصنف کے بارے میں