راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے چوتھی مرتبہ بھی پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا، جس کے باعث لاہور پولیس اور فرانزک ماہرین پر مشتمل ٹیم چار گھنٹے طویل انتظار کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس لاہور روانہ ہو گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی خصوصی ٹیم عدالتی احکامات پر 9 مئی کے واقعات کی تفتیش کے سلسلے میں پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے پیر کی دوپہر اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔ ٹیم کی قیادت ڈی ایس پی آصف جاوید کر رہے تھے جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ماہرین بھی ٹیم کا حصہ تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا اور تفتیش میں کسی قسم کا تعاون نہیں کیا۔ اس انکار کے باعث نہ صرف پولی گرافک بلکہ فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ جیسے دیگر سائنسی ٹیسٹ بھی نہ کیے جا سکے۔
یاد رہے کہ عمران خان اس سے قبل بھی تین مرتبہ پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر چکے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹیسٹ 9 مئی کے مقدمات کی سائنسی بنیادوں پر تفتیش کے لیے ضروری تھے۔