بدتمیز اور بدزبان طوطوں کو ان کے کیے کی سزا سنا د ی گئی 

بدتمیز اور بدزبان طوطوں کو ان کے کیے کی سزا سنا د ی گئی 

لندن :طوطوں کو اکثر میٹھی زبان بولتے تو ہر کسی نے سنا ہو گا لیکن پہلی دفعہ بدتمیز اور بدزبان طوطوں نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا کر رکھ دی ،ہر دوسرا تیسرا بندہ ان بدزبان طوطوں سے متعلق گفتگو اور پوسٹس شیئر کرتانظر آ رہا ہے ،ان بدزبان طوطوں کی وجہ سے  حکام کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ۔

لندن میں واقع پارک میں رکھے گئے یہ طوطے جہاں پہلے عوام کو محظوظ کرتے تھے وہیں انہوں نے کچھ ایسے الفاظ بولنے شروع کر دئیے کہ خود تو انجوائے کرتے تھے لیکن سیر کیلئے آنے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ،انتظامیہ نے ان پانچ طوطوں کی بدزبانی کی وجہ سے ان کو ایک دوسرے سے علیحدہ کر دیا اور کچھ عرصے کیلئے سزا کے طور پر علیحدہ علیحدہ پنجروں میں بند کر دیا ۔

پارک میں سیر کیلئے آنے والوں نے انتظامیہ سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا لگتا تھا کہ یہ طوطے ان کا مذاق اڑاتے ہیں یہاں تک کے لڑائی جھگڑے میں نازیبا الفاظ کا بھی استعمال شرو ع کر دیتے تھے ،انتظامیہ کا کہنا ہے ان طوطوں کو  اگست کے مہینے میں پارک کو دیاگیا تھا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے پارک بند تھا اس لیے ان کو ایک ساتھ ایک ہی کمرے میں قرنطینہ کے لیے رکھا گیا تھا،اس دوران انہوں نے ایک دوسرے سے جھگڑنا شروع کیا اور نازیبا الفاظ بھی بولنا شروع کیے۔ اس کے بعد جب ان کو پارک میں عوام کے سامنے پیش کیا گیا تو وہ ہر ایک آنے جانے والے سے بدتمیزی سے پیش آنے لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کو الگ الگ اور مختلف حصوں میں دور دور رکھا گیا ہے تاہم ایسی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ وہ اپنی اس بری عادت کو چھوڑ دیں گے۔