وزیراعظم عمران خان کی آج چین کے چار روزہ دورے پر روانگی

وزیراعظم عمران خان کی آج چین کے چار روزہ دورے پر روانگی


اسلام آباد :  وزیراعظم عمران خان آج  چین کے چار روزہ دورہ پر روانہ ہونگے جہاں  6 فروری تک قیام کریں گے۔دورہ میں وزیراعظم  چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے تاہم ان کے دورے کا اصل مقصد چین میں منعقدہ ونٹر اولمپک گیمز میں شریک ہونا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا، دونوں ممالک کی قیادت علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ لے گی۔وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان دورہ چین  کے دوران متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کریں گے۔  وزیراعظم ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں  بھی شریک ہونگے۔

چند روز قبل وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق آگاہ کیا تھا جس کے بعد یہ خبر بھی زیرگردش رہی کہ چین سے 3ارب ڈالر قرض لیا جائے گا تاہم بعد ازاں  اقتصادی امور ڈویژن نے  خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے تردید کر دی تھی۔

وزیر خارجہ  نے کہا تھا کہ   وزیر اعظم کے دورے کا اصل مقصد چین میں منعقدہ اولمپکس میں شریک ہونا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ کے علم میں ہے کہ کچھ ممالک نے اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے، پاکستان اورچین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، دورہ چین کا بنیادی مقصد اظہار یکجہتی ہے، سائیڈلائن پر ملاقاتیں اور گفت وشنید بھی ہوگی۔

مصنف کے بارے میں