Get Alerts

وینزویلا: زلزلے کے 8 روز بعد ملبے سے شخص زندہ نکال لیا گیا

وینزویلا: زلزلے کے 8 روز بعد ملبے سے شخص زندہ نکال لیا گیا

کاراکاس: وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں کے آٹھ روز بعد امدادی ٹیموں نے ملبے تلے پھنسے ایک سکیورٹی گارڈ کو زندہ بچا لیا، جسے ایک غیرمعمولی ریسکیو آپریشن کے بعد بحفاظت باہر نکالا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 43 سالہ ہرنان گل لا گوائرا ریاست کے ساحلی شہر کاتیا لا مار میں واقع سات منزلہ عمارت میں بطور سکیورٹی گارڈ خدمات انجام دے رہے تھے، جہاں عمارت منہدم ہونے کے بعد وہ ملبے کے نیچے دب گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص تک رسائی کے لیے امدادی کارروائیاں مسلسل تین روز تک جاری رہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے نہایت احتیاط کے ساتھ ملبہ ہٹاتے ہوئے بالآخر ہرنان گل کو زندہ باہر نکال لیا۔

اس پیچیدہ آپریشن میں وینزویلا کے علاوہ چلی، امریکا، پرتگال، کوسٹا ریکا، ایل سلواڈور اور میکسیکو سے تعلق رکھنے والی امدادی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔

ریسکیو کارروائی کے آخری مرحلے میں دو اہلکار تقریباً تین میٹر طویل سرنگ کے ذریعے ملبے کے اندر پہنچے، جبکہ قریب 30 امدادی کارکن عمارت کی پارکنگ کے حصے سے ملبہ صاف کرنے میں مصروف رہے تاکہ محفوظ راستہ بنایا جا سکے۔

امدادی کارروائی کے دوران ہرنان گل کو پانی باقاعدگی سے فراہم کیا جاتا رہا، جبکہ ایک خصوصی پائپ کے ذریعے انہیں مسلسل آکسیجن بھی پہنچائی جاتی رہی تاکہ وہ زندہ رہ سکیں۔

واضح رہے کہ وینزویلا میں حالیہ تباہ کن زلزلوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 11 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔:::

ٹیگز: