مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے کرنل اور 2 اہلکاروں نے خودکشی کر لی

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے کرنل اور 2 اہلکاروں نے خودکشی کر لی
کیپشن: مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے کرنل اور 2 اہلکاروں نے خودکشی کر لی
سورس: فائل فوٹو

سری نگر: مقبوضہ کشمیر مختلف واقعات میں بھارتی فوج کے کرنل اور 2 اہلکاروں نے خودکشی کر لی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر میں قابض فوج کے ایک اور اہلکار نے ذہنی دباؤ کے باعث گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ واقعہ کے بعد اہلکار کی لاش کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ فوجی اہلکار کی خودکشی سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز سری نگر میں ہی بھارتی فوج کے کرنل سندیپ بھگت نے اپنی ہی رائفل سے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا جب کہ ایک اور واقعہ میں فوجی اہلکار نے خودکشی کر لی تھی۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ذہنی دباؤ کے باعث 2007 سے تاحال خودکشی اور آپسی جھگڑوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 473 سے تجاوز کر چکی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی سرکار کے اعداد وشمار کے مطابق سال 2010 سے 2019 تک بھارت میں 1113 فوجی اہلکاروں کی خودکشی کے 1113 مشتبہ واقعات درج کیے گئے۔ اگرچہ سرکاری اعداد و شمار میں کشمیر میں خودکشی کرنے والے فوجیوں کی تفصیلات الگ سے نہیں دی گئیں تاہم سمجھا جا رہا ہے کہ بھارت میں کشمیر سب سے زیادہ فوجیوں کی موجودگی والا علاقہ ہے اس لیے سب سے زیادہ معاملات یہیں درج ہوئے ہوں گے۔

بھارتی وزیر مملکت برائے دفاعی امور شریپد نائیک نے گذشتہ برس دسمبر میں لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ خودکشی کے ان 1113 معاملوں میں سے فوج میں 891، بھارتی فضائیہ میں 182 اور بحری فوج میں 40 اہلکاروں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ اسی مدت کے دوران فوج کی طرف سے اپنے ہی ساتھیوں کو مارنے کے 28 سے 30 واقعات جبکہ بھارتی فضائیہ میں دو واقعات پیش آئے۔