اسلام آباد : پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ اس اہم گفتگو میں خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال، پاک ایران دوطرفہ تعلقات اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری جنگی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔اسحاق ڈار نے زور دیا کہ موجودہ پیچیدہ مسائل کا حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری میں پنہاں ہے۔ پاکستان نے خطے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام فریقین کے درمیان تناؤ کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ایک بڑی علاقائی جنگ سے بچا جا سکے۔ٹیلیفونک رابطے کے دوران تہران اور اسلام آباد کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دفترِ خارجہ کے مطابق، یہ رابطہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے کی پالیسی کا حصہ ہے تاکہ نازک عالمی حالات میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جا سکے۔
نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں استحکام کا خواہاں ہے اور کسی بھی ایسی صورتحال کی حمایت نہیں کرتا جس سے عالمی امن کو خطرہ لاحق ہو۔ انہوں نے بین الاقوامی قوانین اور خود مختاری کے احترام کو ناگزیر قرار دیا۔