کوئلے کی کان بیٹھنے سے جاں بحق مزدوروں کی تعداد 17 ہوگئی

کوئلے کی کان بیٹھنے سے جاں بحق مزدوروں کی تعداد 17 ہوگئی
کیپشن: image by screen shot

کوئٹہ: کوئلے کی کان بیٹھنے سے جاں بحق مزدوروں کی تعداد 17 ہوگئی، مزید 8 مزدوروں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری۔

کوئٹہ کے علاقے مارواڑ اور اسپن کاریز کے قریب کوئلے کی کانوں میں گیس بھر جانے سے دھماکے ہوا، کان بیٹھنے سے 17 مزدور جاں بحق ہو گئے، درجن کے قریب ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد طارق نے کہا ہے کہ کان میں پھنسے ہوئے دیگر کانکنوں کی لاشیں نکالنے کے لیے ایف سی، لیویز اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مارواڑ کے علاقے میں تین کانوں میں 25 سے زائد کانکن کام کر رہے تھے۔ اہلکار نے بتایا کہ ایک کان میں زور دار دھماکے کے باعث تینوں کانوں میں کام کرنے والے تمام کانکن پھنس گئے۔ حکام نے ابتدائی تحقیق کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ کان میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ہوا۔ محکمہ داخلہ کے اہلکار کے مطابق پھنسے ہوئے کانکنوں میں سے 9 کے قریب زیادہ گہرائی میں نہیں تھے جس کے باعث وہ زخمی ہوگئے۔ ان زخمیوں کو نکالنے کے بعد علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کے قریب اسپین کاریز کے علاقے میں بھی ایک کان میں حادثے کے باعث 6 کانکن ہلاک ہوئے ہیں۔