رواں ہفتے بھی پانامہ کیس کی سماعت نہیں ہو گی

رواں ہفتے بھی پانامہ کیس کی سماعت نہیں ہو گی

اسلا م آباد :سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید کے مکمل صحت یاب نہ ہونے کے باعث پاناما پیپرز لیکس کیس کی سماعت رواں ہفتے بھی نہیں ہوسکے گی۔ ڈاکٹرز کی جانب سے جسٹس عظمت سعید کو مزید آرام کی ہدایت کے بعد کیس کی سماعت کرنے والا پانچ رکنی بینچ اسلام آباد میں دستیاب نہیں ہو گا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ عدالتی روسٹر کے مطابق جسٹس شیخ عظمت سعید ناسازی طبع کے باعث کسی بینچ کا حصہ نہیں ہیں اور اس طرح پانچ رکنی بینچ سماعت کے لیے دستیاب نہیں ہو گا۔عدالتی روسٹر کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی سماعت کے لیے گیارہ ججز پر مشتمل چار بینچ تشکیل دئیے گئے ہیں۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس امیر ہانی مسلم تین رکنی بینچز کے سربراہ ہوں گے۔جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ اسلام آباد میں مقدمات سنے گا ۔