ٹرمپ کی ٹویٹ پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلا کر بات ہونی چاہیے : خورشید شاہ

ٹرمپ کی ٹویٹ پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلا کر بات ہونی چاہیے : خورشید شاہ


لاہور:قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا ٹوئٹ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے اس معاملے پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلا کر پارلیمنٹ میں بات ہونی چاہئے،سابقہ ڈکٹیٹرز جنرل ضیاء اور مشرف نے غیروں کی جنگ ہمارے گلے میں ڈالی۔


اپوزیشن لیڈر اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے ٹرمپ کی ہرزہ سرائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف وزیرخارجہ کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ پورے ملک اور ریاست کا مسئلہ ہے جس پر پوری قوم متحد ہے۔ امریکی معاملے پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا چاہئے تاکہ ایک متفقہ لائحہ عمل بنایا جاسکے،اس کے لئے سیاسی جماعتوں کو تمام اختلافات بلا کر ایک پلیٹ فارم پر آنا چاہئے،کیونکہ کچھ معاملات پوری ریاست کے ہوتے ہیں جن کے فیصلوں میں اختلاف نہیں کیا جاتا۔


خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جنرل ضیاء اور مشرف نے غیروں کی جنگ ہمارے گلے میں ڈالی جو کہ کسی بھی طرح ہماری جنگ نہیں تھی بلکہ ہم پر مسلط کی گئی۔آخر کار ہم نے سمجھ لیا کہ ہمیں اپنے فیصلے خود کرنے چاہئیں۔کسی امداد کے پیچھے نہیں بھاگنا چاہئے بلکہ کشکوک توڑ دینا چاہئے اور ہماری معیشت کسی کے امداد پر منحصر نہیں ہونی چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جو ملک اور ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لئے بہتر ہوگا وہی کریں گے