فروغ نسیم کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنانے کی خبریں بے بنیاد ہیں، حکومتی ذرائع

فروغ نسیم کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنانے کی خبریں بے بنیاد ہیں، حکومتی ذرائع
کیپشن: فروغ نسیم کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنانے کی خبریں بے بنیاد ہیں، حکومتی ذرائع
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومتی ذرائع نے ایم کیو ایم کے سینیٹر فروغ نسیم کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق فروغ نسیم انتہائی اہم کام پر ملک سے باہرہیں، فروغ نسیم وزیراعظم سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ایسی بےبنیاد خبروں کا مقصد فروغ نسیم کی ساکھ کونقصان پہنچانا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی سے ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ایم کیو ایم نے اعتماد کے ووٹ میں حمایت کے بدلے ڈپٹی چیئرمین شپ مانگی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد سے سینیٹ الیکشن جیتنے والے اپوزیشن امیدوار یوسف رضا گیلانی نے بھی ایم کیو ایم سے حمایت مانگی ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے شکست دے دی تھی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کی کارروائی کا آغاز کیا جس کے بعد شاہ محمود قریشی نے اسپیکر کی اجازت سے وزیراعظم پر اعتماد کے حوالے سے قرارداد پیش کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے 178 ووٹ حاصل کیے جب کہ وزیراعظم منتخب ہونے پر انہیں 176 ووٹ ملے تھے اس طرح انہوں نے پہلے کے مقابلے میں 2 اضافی ووٹ لیے۔