نواز شریف اور مریم نواز کا جمعے کے روز وطن واپسی کا اعلان

نواز شریف اور مریم نواز کا جمعے کے روز وطن واپسی کا اعلان
کیپشن: ڈاکٹروں نے کلثوم نواز کی طبیعت میں بہتری کی امید دلائی ہے ،مریم نواز/ فوٹو فائل

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے جمعہ 13 جولائی کو والد کے ساتھ وطن واپسی کا اعلان کردیا اور کہا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ مفروضوں پر مبنی اور مضحکہ خیز ہے، کرپشن اور منی لانڈرنگ سے بری کرنے کے باوجود سزا دی گئی۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ’ریڈ وارنٹس کو اپنے پاس رکھیں، ان کو ڈکٹیٹرز کے لیے سنبھال رکھیں۔مریم نواز نے کہا کہ پہلے ہمارا فیصلہ تھا کہ والدہ کے ہوش میں آنے تک واپس نہیں آئیں گے. ڈاکٹرز نے امید دلائی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں والدہ ہوش میں آجائیں گی لہٰذا ہم جمعے کو پاکستان واپس آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:نیب کا نوازشریف اور مریم نواز کو ایئرپورٹ پر گرفتار کرنے کا فیصلہ
  

مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس پر احتساب عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے میں لکھا ہے کہ نوازشریف نے کوئی کرپشن نہیں کی، فیصلے میں لکھا ہے کہ کرپشن کا ثبوت نہیں ملا مگر اس کے باوجود بھی سزا دی گئی۔مریم نواز نے کہا کہ ’نواز شریف پر کرپشن، منی لانڈرنگ کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا. کرپشن، منی لانڈرنگ کے الزامات سے نوازشریف کو بری کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف کا احتساب مشرف دور میں بھی ہوا، پرویز مشرف بھی نواز شریف کے خلاف کچھ ثابت نہیں کرسکا، پورا فیصلہ مفروضات پردیا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں