پی ٹی آئی والوں کے ساتھ 25 مئی سے بھی برا ہوگا، الیکشن چاہتے ہیں تو پنجاب اور کے پی اسمبلی توڑیں: رانا ثنا

پی ٹی آئی والوں کے ساتھ 25 مئی سے بھی برا ہوگا، الیکشن چاہتے ہیں تو پنجاب اور کے پی اسمبلی توڑیں: رانا ثنا
سورس: File

فیصل آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کوئی شک نہیں رہا ہے کہ عمران خان غیرملکی ایجنٹ ہے۔ عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے۔ فوج کے شہدا کے خلاف باتیں کرنے والے گمراہی کا شکار ہیں انہوں نے وہ باتیں کیں جو دہرائی نہیں جا سکتیں۔ فوج کے خلاف مہم چلانے والوں کی نشاندہی ہو چکی ہے۔ 

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  وطن کیلئے جان قربان کرنیوالے تمام شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہوں، قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے پوری قوم پاک فوج سے پیار کرتی ہے۔

رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ پاک فوج نے وطن کی حفاظت کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں ۔ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلانے والے گمراہ ہو گئے ہیں ۔پی ٹی آئی کا سربراہ قوم کو گمراہ کر رہا ہے ان کا گھناؤنا چہرہ قوم کے سامنے آ چکا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فواد چودھری نے ایک بار میرے حق میں بیان دیا تھا جس پر ان کی پی ٹی آئی کی طرف سے چھترول ہوئی تھی اب وہ ہر روز میرے خلاف بیان دے کر اس تعریف کو بیلنس کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ فوادچودھری ایسی الٹی سیدھی گفتگو کے بجائے ڈھنگ کا کوئی کام کریں۔ 

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کے حوالےسےان کی اصلیت قوم کے سامنے آچکی ہے۔جلسے کی آڑ میں قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو کارروائی ہوگی اگر قانون کو توڑا گیا تو 25مئی سے برا حشر ہوگا۔ ان کا گھناؤناچہرہ قوم کے سامنےکھل کر آچکا ہے۔ 

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ افغانستان میں جہاں پر ڈرون حملہ ہوا ہے، افغانستان نے کبھی پاکستان پر ایسا الزام نہیں لگایا۔ یہ بدبخت پاکستان پر الزامات لگاتے ہیں، پاکستان میں رہتے ہوئے۔ 

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم کسی دھونس اور دھمکی میں نہیں آئیں گے۔ عمران خان الیکشن چاہتے ہیں تو پہلے پنجاب اور کے پی اسمبلی توڑیں۔  یہ ہرروز نیا بیان دیتے ہیں۔ تین چار دن پہلے عمران خان نے کہا کہ اس چیف الیکشن کمشنر کے ہوتے ہوئے ہم الیکشن نہیں لڑیں گے۔ اب کہتے ہیں فوری الیکشن کرائیں۔   پہلے چیف الیکشن کمیشن کو تو ہٹالیں، پھر اسمبلیاں توڑیں جو استعفے دیے ہیں، وہ منظور کرائیں۔ 

مصنف کے بارے میں