مریم نواز آج فیصل آباد میں سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی

مریم نواز آج فیصل آباد میں سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی

فیصل آباد: مسلم لیگ ن کے آج دھوبی گھاٹ میں ہونے والے سوشل میڈیا ورکرز کنونشن کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جاری ہے۔ کنونشن سے مریم نواز خطاب کریں گی۔

لیگی کارکن شوکت علی رانا نے 12 تولے سونے کا ہار بھی تیار کرا لیا ہے جو مریم نواز کو پیش کیا جائے گا۔ شوکت علی رانا کے مطابق ہار میں قیمتی پتھر بھی جڑے ہیں۔

اس سے قبل گذشتہ ماہ 24 فروری کو سوشل میڈیا ورکرز کنونشن کے موقع پر مریم نواز کو سرگودھا کے میئر کی جانب سے ہیروں سے جڑا 20 تولہ سونے کا تاج پہنایا گیا تھا، جسے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے ایک فلاحی تنظیم کو عطیہ کر دیا تھا۔

گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت میں توسیع کا واضح مطلب ہے کہ کچھ نہیں نکلا ہے اگر چھوٹا سا بھی ثبوت ہوتا تو یہ فیصلہ دینے میں دو دن نہ لگاتے۔

اس سے قبل پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں احتساب عدالت کو شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کا ٹرائل 6 ماہ میں مکمل کرنا تھا جس کی مدت 13 مارچ کو مکمل ہو رہی تھی جس کے باعث عدالتی وقت میں ٹرائل مکمل کرنا ناممکن ہو گیا تھا تاہم سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز میں 2 ماہ اور اسحاق ڈار کے خلاف 3 ماہ کی توسیع کر دی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں