وفاقی کابینہ نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کی توثیق کر دی

 وفاقی کابینہ نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کی توثیق کر دی
کیپشن: وفاقی کابینہ نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کی توثیق کر دی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم کے زیرصدارت کابینہ اجلاس میں وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کی توثیق کر دی گئی۔ 

کابینہ نے صوبوں کو ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق خود فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبے ویکسینیشن کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔

کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ ترجیحات طے ہیں اور ہیلتھ ورکرز کے بعد بزرگ افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ اجلاس کے دوران بعض وزرا کی جانب سے بیوروکریسی کی سرکاری معاملات میں عدم دلچسپی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بیوروکریسی کی غیر سنجیدگی کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پلانٹڈ بیوروکریسی حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کر رہی ہے۔ زیادہ تر بیوروکریسی ٹھیک ہے لیکن 10، 12 افسران معاملات خراب کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے معاملے کی تہہ تک جانے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ حکومتی اقدامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ نے مسرور خان کو چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) تعینات کرنے کی منظوری بھی دی۔