شہباز گل کا اعتراف ثبوت ہے کہ یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا: عطاءاللہ تارڑ

شہباز گل کا اعتراف ثبوت ہے کہ یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا: عطاءاللہ تارڑ

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے معاون خصوصی عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک فوج کے خلاف سازش کے تانے بانے بنی گالہ سے ملتے ہیں اور شہباز شریف کا دوران تفتیش اعتراف کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان کس منہ سے این آر او کی بات کرتے ہیں، ان سے این آر و مانگ کون رہا ہے، عمران خان نے شہباز گل کے بیان کی مذمت نہیں کی، عمران خان شہداءکی قربانیوں پر سیاست کرتے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کی سیاست پر لعنت بھیجتے ہیں، عمران خان کے بچے اور فلیٹ باہر ہیں اور ہمیں امپورٹڈ حکومت کہتے ہیں، عمران خان ایسے بنتے ہیں جیسے ان کے بچے میانوالی میں پڑھتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کسی رہنماءکے خلاف کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی بلکہ عمران خان نے فرح گوگی کو این آر او دیا۔ 
انہوں نے کہا کہ شہباز گل امریکہ کے رہائشی ہیں اور ان کے جیب سے گرین کارڈ نکلا ہے، انہوں نے نجی ٹی وی چینل پر جو بیان دیا وہ پارٹی پالیسی سے ہٹ کر نہیں تھا جبکہ دوران تفتیش اعتراف کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فوج کے خلاف سازش ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھی جس کے تانے بانے بنی گالہ سے ملتے ہیں۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے شہباز گل کے بیان کی مذمت نہیں کی اور اقتدار سے دوری نے انہیں حواس باختہ کر دیا ہے، سیالکوٹ کے عثمان ڈار نے کہا کہ الفاظ کا چناؤ ٹھیک نہیں تھا، اور اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اس وقت شہباز گل کے ساتھ کھڑی ہے۔

مصنف کے بارے میں