شوال کے چاند کی پیدائش ہو گئی ،شہادتیں اکھٹی کرنے کا سلسلہ جاری 

Eid Moon, Eid Chand, Eid ul Fitar

لاہور :سعودی عرب سمیت دنیا کے کئی ممالک میں شوال کے چاند کی پیدائش ہو گئی ،دوسری طرف پاکستان میں مرکز ی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے ،جس میں شوال کے چاند سے متعلق شہادتیں اکھٹی کی جائیں گی اور پھر باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

 ماہرین فلکیات کی جانب سے کچھ روز قبل جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شوال کے چاند کی پیدائش پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق 12 مئی کو رات 12 بجکر 01 منٹ پرہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش کے مطابق سعودی عرب سمیت دنیا کے کئی ممالک میں چاند نظرآچکا ہے جبکہ پاکستان میں 12 مئی کو چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

دوسری طرف نماز مغرب کے وقفے کے دوران مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزادکا کہنا تھاکہ ابھی کسی علاقے سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، جہاں کہیں سے بھی شہادت موصول ہو گی اس کو ضرور دیکھا جائے گا۔

واضح رہے جاپان میں 30 ویں روزے کے اختتام پر چاند دیکھ لیا گیا، مقامی رویت ہلال کمیٹی نے گزشتہ روز عید الفطر 13 مئی کو ہونے کا اعلان کیا تھا، اس سے قبل گزشتہ روز کئی اسلامی ممالک عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر چکے۔ متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا 30 ایام کے بعد اختتام ہوگا، عید الفطر 1442 ہجری 13 مئی بروز جمعرات کو منائی جائے گی۔