عمران خان کے قومی اسمبلی کے تمام 9 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع

عمران خان کے قومی اسمبلی کے تمام 9 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے قومی اسمبلی کے تمام 9 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے گئے ہیں اور یوں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک امیدوار بیک وقت 9 حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ 22، 24، 31، 45 سمیت 108، 118، 237، 239 اور 246 سے بھی عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جبکہ تمام 9 حلقوں میں پی ٹی آئی کے کورنگ امیدواروں کے کاغذات جمع کروانے کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ان 9 حلقوں میں پولنگ 25 ستمبر کو ہو گی جبکہ خواتین کی مخصوص نشست پر پی ٹی آئی کی شاندانہ گلزار ، روحیلہ حامد اور مہوش علی خان امیدوار ہیں۔ 
سابق ایم این اے شوکت علی، صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، ایم این اے ناصر موسیٰ زئی، ایم پی اے پیر فدا ایڈوکیٹ اور سابق ضلعی ناظم محمدعاصم خان نے عمران خان کی جانب سے پشاور میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے ورکر بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جو عمران خان اور پی ٹی آئی کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے جلوس کی شکل میں الیکشن کمیشن پشاور کے دفتر پہنچے۔
سابق رکن قومی اسمبلی حاجی شوکت علی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے شہریوں کیلئے فخر کی بات ہے کہ ان کے حلقہ سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان خود الیکشن کررہے ہیں۔
دوسری جانب سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 سے پارٹی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ 
واضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 28 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 11 ارکان کے استعفے قبول کر لئے تھے اور ان خالی ہونے والی نشستوں پر 25 ستمبر کو الیکشن ہونے جارہے ہیں۔
عمران خان کے تمام 9 حلقوں سے کامیابی کی صورت میں انہیں 8 حلقوں کو چھوڑ کر ایک کا انتخاب کرنا ہوگا اور وہ میانوالی کی نشست سے پہلے ہی رکن قومی اسمبلی ہیں۔

503a45bbf1fafcb454b4a8abff1ea79a

مصنف کے بارے میں