خطے میں امن کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے، شاہ محمود قریشی

خطے میں امن کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے، شاہ محمود قریشی
کیپشن: ایرانی صدر حسن روحانی سے تعمیری اور مثبت بات چیت ہوئی ہے، شاہ محمود۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

تہران: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر 2 روزہ دورہ ایران کے اختتام پر اپنی ٹوئٹ میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایرانی صدر حسن روحانی سے تعمیری اور مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ ہم نے تہیہ کررکھا ہےکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے اور پاکستانی سرزمین کسی جنگ کےلیے استعمال نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بیرون ممالک کے دورے کررہے ہیں۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی موجود ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گزشتہ روز ایران پہنچے تھے جہاں انہوں نے ایرانی صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقاتیں کی تھیں، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ گہرے مذہبی، تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، ایران امریکا کشیدگی کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان خطے میں کسی بھی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔ دورہ ایران کے بعد اب وزیر خارجہ اور اعلیٰ سفارتی حکام آج سعودی عرب پہنچیں گے۔