Get Alerts

فارم 47 کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور چند ماہ کے مہمان ہیں: جے یو آئی ترجمان

فارم 47 کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور چند ماہ کے مہمان ہیں: جے یو آئی ترجمان

پشاور: جمعیت علماء اسلام (ف) خیبرپختونخوا کے ترجمان عبدالجلیل جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو غیر شفاف انتخابی عمل کے نتیجے میں اقتدار سونپا گیا، وہ "فارم 47 کے پیداوار" ہیں اور خود اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کا دور محدود مدت کے لیے ہے۔

عبدالجلیل جان نے وزیراعلیٰ کے لاہور دورے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب خیبرپختونخوا خصوصاً باجوڑ جیسے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، وزیراعلیٰ کا صوبے سے باہر تفریحی دوروں پر جانا عوامی جذبات کو مجروح کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ صوبائی حکومت کرپشن اور نااہلی میں جکڑی ہوئی ہے، اور عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو غیر ضروری سیاسی سرگرمیوں پر خرچ کیا جا رہا ہے، جس کا احتساب ضروری ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کے حالیہ بیان سے واضح ہو گیا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ کی نمائندہ نہیں۔ مولانا فضل الرحمان کی طرف سے دیے گئے بیانات نے حکومت کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔

جے یو آئی ترجمان نے زور دیا کہ وزیراعلیٰ کو چاہیے کہ وہ سیاسی بیانات اور نمائشی اقدامات سے گریز کریں اور صوبے میں امن و استحکام پر توجہ دیں، کیونکہ روز بروز بڑھتے ہوئے واقعات نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور اپنی جماعت کو خود نقصان پہنچانے میں لگے ہیں، اور ان کا طرزِ حکومت اس بات کا ثبوت ہے۔

 
 

ٹیگز: