صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف کی جانب سے اہل وطن کو عیدالفطر مبارک

صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف کی جانب سے اہل وطن کو عیدالفطر مبارک

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر سیاسی، عسکری اور سماجی شخصیات کی جانب سے عیدالفطر کے اس پرمسرت موقع پر اہل وطن کو مبارکباد کا پیغام دیا گیا ہے۔

صدر مملکت نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ یہ عید ہماری زندگیوں میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔

انہوں نے اپیل کی کہ عید اجتماعات میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ مصافحہ اور معانقہ سے گریز کرتے ہوئے سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔ بحیثیت قوم نظم وضبط اختیار کرکے حالیہ لہر میں بھی وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی ہے کہ کورونا ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ احساس اور دوسروں کا درد ہی انسانی معاشرے کی اصل طاقت اور پہچان ہوتے ہیں اور یہی ریاست مدینہ کا خاصہ تھا جو ہمارا رول ماڈل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم پورا سال اس جذبے کو ساتھ لے کر چلیں اور معاشرے کو انسان دوست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت کورونا وبا کی تیسری لہر سے نبرد آزما ہیں۔ ان افراد اور ان خاندانوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جو بڑے مقاصد کے لئے بڑی قربانیاں دیکر قوم کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی کراچی جبکہ وزیراعظم عمران خان  نتھیا گلی میں عید منا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ اور شہباز شریف لاہور میں موجود ہیں۔ اہم سیاسی و سماجی شخصیات عیدالفطر اپنے آبائی علاقوں میں منا رہے ہیں۔

ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جا رہی ہے۔ کورونا کی وبا کے باعث نماز عید کے اجتماعات مختصر اور سادہ رکھے گئے۔

کورونا وائرس کے سبب مختلف سیاسی شخصیات و وفاقی اور صوبائی وزرا کی اکثریت عیدسادگی کے ساتھ منانے کیلئے اپنے آبائی علاقوں میں پہنچ چکی ہے۔