ضمنی انتخابات کیلئے ملک بھر میں پولنگ کل ہوگی

ضمنی انتخابات کیلئے ملک بھر میں پولنگ کل ہوگی
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: ضمنی انتخابات کے لئے کل پولنگ ہوگی اور 35 حلقوں میں امیدوار قسمت آزمائیں گے۔


تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کل ہوگی اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ پولنگ 35 حلقوں میں ہوگی جن میں قومی اسمبلی کے 11 اورصوبائی اسمبلی کے 24 حلقے شامل ہیں۔


ضمنی الیکشن کیلئے 95 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، 641 امیدوار پنجہ آزمائی کریں گے، 92 لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جس کے لئے 7 ہزار 489 پولنگ سٹیشنز بنائےگئے ہیں، مختلف حلقوں کے1727 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔


40 ہزار سے زائد پاک فوج کے جوان فرائض سرانجام دیں گے جب کہ ایک لاکھ پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔


الیکشن کمیشن کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوجی جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے، بیلٹ پیپرز اور دوسرے سامان کی پولنگ سٹیشنز تک ترسیل پاک فوج کی نگرانی میں ہوگی جب کہ الیکشن کمیشن نے وزارت توانائی کو ہدایت کی ہے کہ پولنگ کے دوران متعلقہ حلقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے سکیورٹی سٹاف کے لئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق سکیورٹی سٹاف پریذائیڈنگ آفیسر اور آراوز کے ماتحت ہوں گے، سکیورٹی حکام بیلٹ پیپرز کی گنتی میں مداخلت نہیں کریں گے۔