اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے اسرائیل کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا حملہ ایران کی خودمختاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔
وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی صدر سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان عالمی فورمز پر ایران کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کے حالیہ اجلاس میں ایران کی کھل کر حمایت کی ہے اور اسرائیلی اشتعال انگیزی کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت پر دلی شکریہ ادا کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی، برادرانہ اور تاریخی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ اسلامی دنیا کو درپیش خطرات کا متحد ہو کر سامنا کرنا چاہیے اور خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔