ایران: حسن روحانی نے صدارتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

ایران: حسن روحانی نے صدارتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے آئندہ ماہ مئی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔ حسن روحانی دوسری بار صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والوں میں شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 2013ء کے صدارتی انتخابات میں حصہ لیتے وقت انہوں نے ملک کو عالمی سفارتی تنہائی سے نکالنے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سماجی آزادیاں فراہم کرنے کا نعرہ لگایا تھا۔

ایران میں آئندہ 19 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کا عمل گزشتہ منگل کو شروع ہوا تھا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے پانچ روز بعد دستوری کونسل ان کاغذات کی جانچ پڑتال کرے گی۔ ایران میں صدارتی انتخابات کے لیے اب تک 860 افراد نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ ان میں سابق وزرا اور سابق صدر محمود احمدی نژاد بھی شامل ہیں۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز ایران کے ایک متشدد مذہبی رہ نما ابراہیم رئیسی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ چھپن سالہ ابراہیمی رئیسی ملک میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے نعرے کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔ رئیسی کو سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مقربین میں شمار کیا جاتا ہے۔

رئیسی کے صدارتی انتخابات کی دوڑ میں اترنے سے بنیاد پرست دو حصوں میں تقسیم ہوتے دکھائی دے رہی ہے۔ ایران میں صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہفتے کو ختم ہو گئی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں