پنجاب میں تعلیم کے ساتھ کھلواڑ,اساتذہ انتظامی عہدوں کے مزے لوٹنے لگے

پنجاب میں تعلیم کے ساتھ کھلواڑ,اساتذہ انتظامی عہدوں کے مزے لوٹنے لگے

لاہور:تحریک انصاف کی حکومت میں بھی تعلیم کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے ۔پنجاب میں معلم بھرتی ہونےو الے انتظامی عہدوں پر مزے لوٹنے لگے ہیں۔صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن کے سٹاف افسر اشتیاق احمدکالج کیڈر سے تعلق رکھنے والے ایک لیکچرار ہیں جو گزشتہ دس برسوں سے ایچ ای ڈی میں گزشتہ 10برسوں سے انتظامی سیٹوں پر مزے لے رہے ہیں جبکہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر سلمان علی ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ راولپنڈی ڈویژن تعینات ہیں اور وہ بھی گزشتہ 5برسوں سے محکمہ خوراک میں اہم انتظامی عہدون پر تعینات رہے ہیں ۔

 

تفصیلات کے مطابق، تحریک انصاف کی ٹرانسپرنسی پالیسی کے باوجود پنجاب میں اثرو رسوخ کی بنیاد پر متعدد افسران اہم انتطامی عہدوں پر تعینات ہیں اور بااثر ہونے کی وجہ سے ان کو غیر قانونی طور پر اہم پوسٹنگ دی جا رہی ہیں جس وجہ سے ایک طرف تو حقدار افسروں کا حق مارا جا رہا ہے دوسری جانب ایک مقدس پیشے تعلیم کے ساتھ بھی کھلواڑ ہو رہا ہے ۔

 

پنجاب میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن کے پی ایس او اشتیاق احمد  نے جو کہ ایک کالج لیکچرار ہیں آج سے تقریباً10برس قبل شہباز شریف کے دور حکومت میں ٹیکنیکل کوٹہ پر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں سیکشن افسر تعینات ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے مختلف سیکشنز میں کام کیا مگر تین برس کی ڈیپوٹیشن ختم ہونے کے باوجود اپنے اثر و رسوخ کی وجہ سے وہ توسیع لینے میں کامیاب رہے۔

 

ذرائع کے مطابق ایک لمبے عرصے تک ایچ ای ڈی میں تعینات رہنے کے بعد اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹرگریڈ 18کی سیٹ پر تعیناتی لی اور وہاں سے صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن کے پی ایس او تعیناتی لے لی۔جن پر الزام ہے کہ وہ مختلف کالجز کے پرنسپلز اور یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر اور پروفیسرز کی فائلز دبا دیتے ہیں اور اپنا رعب جماتے ہیں جبکہ ایک لیکچر ار اپنی اصل بھرتی پر فرائض سرانجام دینے کی بجائے انتظامی سیٹ پر بیٹھا مزے لے رہا ہے مگر اعلیٰ حکام اس کواصل تعیناتی پر بھیجنے سے قاصر ہیں۔

 

دوسری جانب محکمہ فوڈ میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سلمان ایک اسسٹنٹ ایجوکیشن افسر ہیں اور ان کا ڈیپوٹیشن پیریڈ بھی مئی 2018میں ختم ہو گیا تھا اس کے باوجود اہم سیٹوں پر تعینات ہے اور اس کے خلاف چیف منسٹر انسپکشن ٹیم ،اینٹی کرپشن پنجاب میں بھی باردانہ کی خورد برد کی انکوائریاں چل رہی ہیں ۔مگر تبدیلی سرکاری تعلیم کے ساتھ کھلواڑ رہی ہے اور ڈیپوٹیشن ختم ہونے کے باوجود اساتذہ کو ان کے اس فرائض کی ادائیگی سے دور رکھا ہوا ہے۔جس سے ان دونوں اساتذہ کی جائے تعیناتی پر بچوں کی تعلیم کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے ۔

 

اس حوالے سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن حکام کا کہنا ہے کہ اشتیاق احمد صوبائی وزیر کا سٹاف افسر ہے ان کو ہٹانے کا فیصلہ بھی وہی کریں گے جبکہ سلمان علی کی تعیناتی پر محکمہ خوراک کے افسران نے بھی بے بسی کا اظہار کیا ہے۔