اسرائیل کی جارحیت ناقابل برداشت ،پاکستان ہر فورم پر آواز اٹھائے گا:شاہ محمود قریشی 

Shah Mehmood Qureshi,OIC,Arab League,palestine

اسلام آباد :وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کا او آئی اجلاس سے خطاب کے بعد کہنا تھا کہ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے عالمی برادری فور ی طور پر حرکت میں آئے ،اسرائیل کیخلاف بروقت ایکشن لے کر طاقت کے استعمال کو فوری طور پر روکنا چاہیے ۔

تفصیلات کے مطابق اوآئی سی اجلاس سے خطاب کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ سعودی عرب کی شکر گزار ہے کہ انہوں نے فلسطین ایشو پر بروقت اجلاس طلب کیا ،کیونکہ اس وقت اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم ڈھا کر انسانی حقوق کی دھجیاں اُڑا رہا ہے ،اسرائیل نے ماہ رمضان میں نہتے فلسطینیوں کو اپنے مظالم کا نشانہ بنایا،انہوں نے کہا اسرائیل کی جارحیت ناقابل برداشت ہے،پاکستان ہر فورم پر آواز اٹھائے گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا قائداعظم کافلسطینیوں کے ساتھ دلی لگاؤ تھا،قائداعظم نے فلسطینیوں کے ساتھ ہر لمحہ تعاون کرنے کا کہاتھا،آج اُسی فلسطین پر کڑا وقت آن پہنچا ہے ،امت مسلمہ کا فرض بنتا ہے کہ فوری طور پر فلسطین پر ہونے والے مظالم کو روکنے کیلئے اقدامات کرے اور اسرائیل کی طرف سے طاقت کے استعمال کو رکوایا جائے ۔

انہوں نے کہا پاکستان کی پہلی ترجیح فلسطین میں سیز فائر ہے ، پاکستان چاہتا ہے کہ اسرائیل سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، جنرل اسمبلی اور ہیومن رائٹس کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے،شاہ محمودقریشی نے مطالبہ کیا کہ انسانیت کیخلاف جرائم کے ارتکاب اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل کو استثنا نہ دیا جائے،جارحیت کے مرتکب اسرائیل اور مظلوم فلسطینیوں کو ایک صف میں کھڑا کرنا ناانصافی ہے،میڈیا ہاؤسز کو جس طرح نشانہ بنایا گیا یہ فلسطینیوں کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا سچائی کو لوگوں کی نظروں سے اوجھل کرنا انتہائی مشکل ہے،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، جنرل اسمبلی اور ہیومن رائٹس کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے،اسرائیل کی جارحیت ناقابل برداشت ہے،پاکستان ہر فورم پر آواز اٹھائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا فلسطینی وزیر خارجہ سے گزشتہ روز ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا ،دنیا کے دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی پاکستان رابطے میں ہے ،چین کے وزیر خارجہ سے فلسطین سے متعلق مفصل گفتگو ہوئی،امریکی وزیر خارجہ سے بھی مسئلہ فلسطین پر تفصیلی بات چیت کرینگے ،فلسطینیوں کے معاملات کو بحیثیت پاکستانی اور مسلمان ہر فورم پر اٹھانا ہمارا فرض ہے،پاکستان کا مطالبہ ہے عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی جارحیت رکوائے،مسلم امہ کو چاہیے اسرائیل کی جارحیت کوصحیح اندازمیں لوگوں کےسامنےپیش کیاجائے،دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کو فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کرنے پرسرخرو فرمائے۔