پاکستان میں عالمی وبا کے وار جاری، مزید 56 مریض انتقال کر گئے  

Global epidemic continues in Pakistan, 56 more patients die
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: ملک بھر میں عالمی وبا کے وار جاری ہیں۔ گزشتہ روز حاصل کئے گئے ڈیٹا کے مطابق مزید 56 افراد اس موذی مرض سے اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 33 ہزار 196 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک ہزار 165 افراد میں وبائی مرض کی تشخیص ہوئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح تین اعشاریہ چار فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اموات میں حالیہ اضافے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 436 ہو گئی ہے۔

اس وقت ملک بھر میں عالمی وبا کے کنفرم کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 65 ہزار 989 جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 25 ہزار 8 ہے۔

ڈیٹا کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہسپتالوں میں زیر علاج ایک ہزار 84 مریضوں نے اس مرض کو شکست دی۔ اس اضافے سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ 28 ہزار 545 سے بڑھ چکی ہے۔

سندھ میں عالمی وبا میں مبتلا شہریوں کی تعداد 3 لاکھ 54 ہزار 286 جبکہ انتقال کرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 244 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ پنجاب میں ایک لاکھ 65 ہزار 200 شہری اس مرض میں مبتلا ہوئے جبکہ پانچ ہزار 114 نے اپنی جانیں گنوائیں۔

صوبہ بلوچستان میں 199 ہلاکتیں سامنے آ چکی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد اٹھارہ ہزار 954 ہے۔

خیبر پختونخوا میں 2007 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 70 ہزار 123 اس مرض میں مبتلا ہوئے۔

اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں 284 اور گلگت بلتستان میں اب تک 102 شہری اس مرض کی وجہ سے موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔