کیپٹن صفدر کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

PMLN Nawaz Sharif, Shahbaz Sharif

لاہور:ن لیگی رہنما کیپٹن صفدر کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا ،تین تھانوں میں درج چار وں مقدمات میں کیپٹن صفدر کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں سال 2018 کے دوران احتجاجی ریلی نکالنے پر تین تھانوں میں کیپٹن صفدر کیخلاف چار کے قریب مقدمات درج کیے گئے ،آج ن لیگی رہنما کیپٹن صفدر اپنے خلاف درج مقدمات میں ضمانت کرانے کیلئے راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس پہنچے جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جاوید اقبال سپرا نے تھانہ وارث خان میں درج مقدمہ میں کیپٹن صفدر کی عبوری ضمانت 24 فروری تک منظور کرلی۔

کیپٹن صفدر کا کہنا تھا میرے خلاف ملک بھرمیں 24 مقدمات درج ہیں اگر 124 بھی ہوں گے تو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا ، بعدازاں لیگی رہنما کیپٹن صفدر ایڈیشنل سیشن جج نقیب شہزاد کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں تھانہ سٹی اور تھانہ نیوٹاؤن میں درج تین مقدمات میں بھی انہیں 24 فروری تک پچاس پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت مل گئی۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا کہ ریلیاں احتجاج ہمارا حق ہے ضرور کرینگے، اتحادی جماعتیں ہی نہیں عوام بھی ہمارےساتھ ہے۔پنڈی کا موسم خوش گوار اس وقت ہوگا جب شفاف انتخابات ہونگے۔میاں نواز شریف کا اپنا ملک ہے وہ ضرور آئیں گے انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔ اگر عمران خان 114 دن دھرنا دے سکتا ہے تو ہم اپنا احتجاج کیوں نہیں کرسکتے۔ راولپنڈی میں ریلی نکالنے سے کسی نے نہیں روکا تھا پھر بھی مقدمات بنائے گئے۔