ڈرون حملے میں پاکستانی کے جاں بحق ہونے پر اماراتی وزیر خارجہ کا شاہ محمود کو فون

ڈرون حملے میں پاکستانی کے جاں بحق ہونے پر اماراتی وزیر خارجہ کا شاہ محمود کو فون
کیپشن: ڈرون حملے میں پاکستانی کے جاں بحق ہونے پر اماراتی وزیر خارجہ کا شاہ محمود کو فون
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: ابوظہبی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کی جانب سے ڈرون حملہ کئے جانے کے بعد ایک پاکستانی کے جاں بحق ہونے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کے وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون کیا جس میں گزشتہ روز ابوظہبی میں ہونیوالے المناک دہشتگردی کے حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا، اماراتی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کے انتقال پر دلی تعزیت کی ۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری علاقوں پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ، وزیر خارجہ نے اس حملے کے نتیجے میں متاثرین کے اہل خانہ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اورمتوفی پاکستانی شہری کی میت کی جلد وطن واپسی اور زخمیوں کیلئے فوری علاج معالجے کی کاوشوں پر اماراتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے برادر عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کارروائیاں، متحدہ عرب امارات کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، امن و امان کیلئے سنگین خطرہ بننے والے اس طرح کے حملوں کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے ۔ 

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز  حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات میں ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئےتھے۔

مصنف کے بارے میں