پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گیس 147 فیصد تک مہنگی کرنے کی درخواست

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گیس 147 فیصد تک مہنگی کرنے کی درخواست

لاہور: سندھ اور بلوچستان کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا کیلئے بھی گیس مہنگی ہونے کا امکان ہے، سوئی سدرن کے بعد سوئی ناردرن کی جانب سے بھی گیس مزید مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔

تفصیلات کے مطابق  سوئی ناردرن گیس کمپنی (ایس این جی پی ایل)  نے  آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے گیس کی قیمت میں 147 فیصد تک مزید اضافہ مانگ لیا ہے۔ سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کی درخواست کی ہے۔

قیمت میں 2646.18 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کرتے ہوئے ہوئے سوئی ناردرن نے نئی اوسط قیمت 4446.89 روپے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔

 
سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 189 ارب 18 کروڑروپے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا ہے۔

اس سلسلے میں اوگرا کی جانب سے درخواست پر 25 مارچ کو لاہور میں سماعت کی جائیگی جبکہ 27 مارچ کو پشاور میں بھی سماعت کی جائے گی۔

یاد  رہے کہ اس سے قبل سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے بھی آئندہ مالی سال سے سندھ اور بلوچستان کے لیے گیس مزید مہنگی کرنے کی درخواست کر رکھی ہے۔ جس پر اوگرا آج سوئی سدرن کی درخواست پر سماعت کرے گی۔

اوگرا کو دی گئی درخواست میں ایس ایس جی سی نے یکم جولائی 2024 سے گیس مزید مہنگی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے گیس کی قیمت میں 324.03 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی اجازت مانگی ہے۔

نئی اوسط گیس قیمت 1740.80 روپے مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ مذکورہ درخواست میں سوئی سدرن نے 79 ارب 63 کروڑ روپے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے سماعت کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا جائے گا اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اوگرا گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

  

واضح رہے کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک گیس کی قیمتوں میں 2 بار اضافہ کیا جاچکا ہے۔ رواں مالی سال گیس کی قیمتوں میں اضافے کا گیس صارفین پر تقریباً 643 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جاچکا ہے۔

مصنف کے بارے میں