لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مستحقین تک رمضان پیکج پہنچا دیا ہے اور اس دوران کسی بھی شہری کی عزت نفس کو مجروح نہیں ہونے دیا گیا۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیکج کے تینوں اہداف یعنی امدادی کارڈ کی تقسیم، دسترخوان اور سہولت بازار حاصل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں مستحق افراد کو ان کے گھر کی دہلیز پر امدادی کارڈ فراہم کیے گئے ہیں، اور اربوں روپے کے اس پیکج کی تقسیم شفاف طریقے سے کی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں شہریوں نے ’’مریم کے دسترخوان’’ سے افطار کیا، جو پنجاب میں ایک نئی مثال قائم کر رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے وزراء اور افسران کو عوام کی خدمت کرنے کا عملی درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومتیں عوام کی تلاش میں ہوتی تھیں، لیکن اب حکومتی وسائل خود لوگوں کی دہلیز تک پہنچ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی اصل تبدیلی اور حقیقی انقلاب ہے۔