اسلام آباد ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے کا حکم

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے کا حکم دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسے اور بڑی سکرین لگانے کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست کی سماعت کی اور پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ 
دوران سماعت عدالت نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیش ہونے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا وقاص سے استفسارکیا کہ وہ پر امن جلسہ کرنا چاہتے ہیں اس میں حرج کیا ہے؟ جس پر رانا وقاص نے جواب دیا کہ یہ 4 سے 6ہفتے مانگ رہے ہیں اس طرح ایف 9 پارک کی اجازت نہیں دے سکتے۔ 
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یہ آج کی اجازت مانگ رہے ہیں مناسب پابندیوں کے ساتھ اجازت دے سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج اجازت دیدیں آئندہ جب بھی احتجاج کرنا ہو گا ہم اجازت لے لیا کریں گے جس پر عدالت نے پی ٹی آئی کوجلسے کی اجازت دینے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دئیے عدالت توقع کرتی ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا خیال رکھا جاگے گا اور صحت مند سرگرمیوں کو نہیں روکا جائے۔ 

مصنف کے بارے میں