بجلی کی قیمت میں 1.72 روپے نہیں، صرف 8 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جا رہا ہے: وفاقی وزیر حماد اظہر

بجلی کی قیمت میں 1.72 روپے نہیں، صرف 8 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جا رہا ہے: وفاقی وزیر حماد اظہر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 1.72 روپے اضافے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور صرف 8 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہو رہا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں حماد اظہر نے کہا کہ نیوز چینلز پر اکتوبر کے مہینے میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں چل رہی ہیں اس لئے یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ اکتوبر میں سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا خاتمہ ہو رہا ہے اور اس کی جگہ نیا ٹیرف نافذ ہو گا جس کے باعث بجلی کی قیمت میں 1.72 روپے فی یونٹ نہیں بلکہ صرف 8 پیسے فی یونٹ اضافہ ہو گا۔ 

ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی سفارش کے باوجود بجلی کی قیمت میں فوری اضافے کی منظوری نہیں دی۔ وزارت بجلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ نیپرا سے اس فیصلے پر نظرثانی کیلئے درخواست کی جائے تاکہ بجلی کی قیمت برقرار رہے اور اکتوبر میں صرف 8 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہوا۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وفاقی کابینہ نے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی ہے اور اس کا اطلاق اکتوبر 2021ءسے ہو گا۔