Get Alerts

دو برس میں ’تیجس‘ کے گرنے کا دوسرا واقعہ، بھارتی دفاعی صنعت پر سوالات بڑھ گئے

دو برس میں ’تیجس‘ کے گرنے کا دوسرا واقعہ، بھارتی دفاعی صنعت پر سوالات بڑھ گئے

دبئی :دبئی ایئر شو میں بھارتی فضائیہ کا جدید لڑاکا طیارہ تیجس فضائی کرتب کے مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ گزشتہ دو برس میں تیجس طیارے کا دوسرا حادثہ ہے، جس نے طیارے کی کارکردگی اور حفاظتی معیار پر سوالات کو جنم دیا ہے۔

 حادثے میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ یاد رہے کہ مارچ 2024 میں راجستھان کے جیسل میر میں بھی ایک تیجس طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، تاہم اس واقعے میں پائلٹ محفوظ رہا تھا۔

تیجس ایک 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے، جسے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL) نے تیار کیا ہے۔ یہ فضائی دفاع، جارحانہ فضائی مدد اور مختصر جنگی مشنز کے لیے استعمال ہوتا ہے اور بھارتی فضائیہ کے مستقبل میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

حادثے کے بعد HAL کے شیئرز عالمی مارکیٹ میں تقریباً تین فیصد گر گئے، اور ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پیر کو مارکیٹ کھلنے پر شیئرز میں مزید کمی کا امکان ہے۔ یہ نقصان مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے بعد سے 10 فیصد سے زائد ہو چکا ہے۔

تیجس طیارے کی ایک نمایاں خصوصیت اس کی مارٹن بیکر زیرو۔زیرو اجیکشن سیٹ ہے، جو پائلٹ کو کسی بھی ہنگامی صورت میں زمین پر گرنے سے بچانے کے لیے پیرا شوٹ کے ذریعے محفوظ باہر نکلنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

حادثے کے دوران دبئی ایئر شو کے شائقین نے طیارے کے گرنے کا منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کے مطابق  طیارہ فضائی مظاہرہ کرتے ہوئے اچانک زمین کی جانب تیزی سے آ گیا اور چند لمحوں بعد سیاہ دھوئیں کے بادل پھیل گئے۔

انڈین ایئر فورس نے حادثے میں پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ٹیگز: