شاہ محمود قریشی کی زلمے خلیل زاد سے ملاقات ،اہم پیغام دیدیا

Shah Mehmood Qureshi ,Zalmy Khalilzad,Afghanistan,Kabul,US Forces,Afghan Peace Process

نیو یارک :وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی نیویارک میں ملاقات ہوئی،دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں قیام امن کیلئے اجتماعیت کے حامل  سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد  نے  نیویارک میں جاری اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ،وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے زلمے خلیل زاد کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان شروع سے یہی کہتا آ رہا تھا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

وزیر خارجہ نے افغانستان میں وسیع البنیاد اور جامع حکومت کے قیام کیلئے پاکستان کی معاونت کے تسلسل کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہمیں افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی بحران پر گہری تشویش ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا عالمی برادری کو اس نازک تاریخی موڑ پر افغانوں کو انسانی بحران کے خطرے سے بچانے کیلئے موثر اقدام اٹھانے اور افغانوں کی معاونت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے، افغانستان میں عدم استحکام،خطے میں بدامنی اور مہاجرین کی یلغار کے خطرے کو پھر سے جنم دے سکتا ہے۔