پاک، بھارت میچ سے متعلق پیش گوئی کرنا آسان نہیں: اقبال قاسم

پاک، بھارت میچ سے متعلق پیش گوئی کرنا آسان نہیں: اقبال قاسم
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ گرین شرٹس غیر متوقع نتائج دینے والی ٹیم ہے اس لئے ٹی 20 ورلڈکپ میں پاک، بھارت میچ سے متعلق پیش گوئی کرنا آسان نہیں ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں اچھے کھلاڑی شامل ہیں اور شکر ہے کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ بھی ٹیم میں شامل ہیں کیونکہ صرف یہ دونوں کھلاڑی ہی بڑے میچ کا دباؤ برداشت کر سکتے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ جیتنے کیلئے بہترین کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ 
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے انتظامی امور سے متعلق گفتگو کتے ہوئے کہا کہ بورڈ میں تبدیلی پر تبدیلی کی پالیسی سے نقصان صرف اور صرف ٹیم کا ہو رہا ہے اور اس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ کیا کسی نے یہ سوچا تھا کہ اگر مصباح الحق اور وقار یونس چلے گئے تو پھر کیا ہو گا؟ 
اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور ان کی نظر بابراعظم اور محمد رضوان پر ہے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو کسے ٹارگٹ کرنا چاہئے، بھارت کی پوری ٹیم ہی بہت اچھا کھیلتی ہے۔