پی پی 38 ضمنی انتخاب، مریم نواز جلسہ سے خطاب کریں گی

PP-38 By-election, Maryam Nawaz, PML-N, PTI, PPP

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز آج سیالکوٹ جائیں گی ، جہاں وہ پی پی 38 کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں ایک جلسہ سے خطاب بھی کریں گی ۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جلسہ کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ جلسہ کے بعد مریم نواز سیالکوٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں بھی کرینگی ۔

خیال رہے کہ یہ سیٹ لیگی رکن اسمبلی خوش اختر سبحانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی ۔ حلقے میں پولنگ 28 جولائی کو ہو گی ۔

گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے تبدیلی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس حکومت نے ملک کو خواتین کے لئے غیر محفوظ بنا دیا ہے ۔ اس حکومت نے خواتین کی حفاظت اور وقار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔

اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ اُن کا دل نور مقدم اور ملک کی تمام بیٹیوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی پر غمزدہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی نااہلی کے باعث خواتین اس ملک میں غیر محفوظ ہوگئیں ہیں ۔