شوکت یوسفزئی نے صوبائی کابینہ میں رد وبدل کا عندیہ دے دیا

شوکت یوسفزئی نے صوبائی کابینہ میں رد وبدل کا عندیہ دے دیا
کیپشن: کارکردگی دکھانے والے ہی کابینہ میں رہیں گے اور کارکردگی نہ دکھانے والے گھر جائیں گے، شوکت یوسفزئی۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

پشاور: شوکت یوسفزئی نے صوبائی کابینہ میں رد وبدل کا عندیہ دے دیا۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ 8 سے 10 دنوں میں صوبائی کابینہ میں رد وبدل کا امکان ہے۔ کارکردگی دکھانے والے ہی کابینہ میں رہیں گے اور کارکردگی نہ دکھانے والے گھر جائیں گے۔

شوکت یوسفزئی کا وزیر اعلیٰ کے خلاف پروپیگنڈے سے متعلق کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان صوبے میں بااختیار ہیں اور تمام فیصلے وزیراعلیٰ خود کرتے ہیں۔ فاٹا انضمام کا مشکل مرحلہ وزیراعلیٰ کی سیاسی بصیرت سے حل ہوا اور وزیراعظم کا آج بھی محمود خان پر اعتماد ہے۔ حکومت کے اندر اختلافات کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں۔

ادھر ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی چین سے واپسی کے بعد کے پی کابینہ میں رد وبدل ہو گا۔ صوبائی کابینہ میں 4 نئے معاونین اور مشیر لیے جائیں گے۔ محب اللہ سے زراعت، عاطف خان سے یوتھ اینڈ سپورٹس کے محکمے لیے جائیں گے۔ ہشام انعام اللہ سے صحت اور ضیاءاللہ بنگش سے تعلیم کا قلمدان واپس لیا جائیگا۔

ذرائع کے مطابق میاں خلیق الرحمان کو پی اینڈ ڈی، عارف احمد کو پبلک ہیلتھ دینے کا امکان ہے۔ آغاز اکرام اللہ کو زراعت، ریاض کو زکوۃ و عشر دیا جائے گا۔ شہرام ترکئی سے بلدیات کا قلمدان واپس لیے جانے کا امکان ہے۔ خاتون ایم پی اے عائشہ بانو کو بھی کابینہ کا حصہ بنانے کا امکان ہے اور کارکردگی نہ دکھانے والے مشیر و وزراء کو فارغ کیا جائے گا۔