نواز شریف دور میں بجٹ ری سپورٹ کیلئے سکوک کے ذریعے قرض لیا گیا، وزارت خزانہ

In Nawaz Sharif Government, loans were taken through Sukuk Bonds for budget support, Finance Ministry
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: ایف نائن پارک گروی رکھ کر سکوک مارکیٹ سے قرضے لینے کے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے ترجمان وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں سکوک بانڈ جاری کرکے قرض لینے کا رحجان ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں اس معاملے پر ماضی کی مثالیں دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 3 سال میں 4.5 ارب ڈالر مالیت کے سکوک اور یورو بانڈز جاری کئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار نے موٹروے ایم ون، ایم ٹو اور ایم تھری گروی رکھ کر قرضے لئے جبکہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی گروی رکھ کر قرض لیا گیا۔ وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ سابق دور میں سکوک اور یورو بانڈز جاری کرنے کیلئے ہر قسم کے ٹیکس اور ڈیوٹیز ختم کر دی گئی تھیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق اسحاق ڈار نے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کیلئے متعدد بار بانڈز جاری کیے۔ نواز شریف دور میں بجٹ ری سپورٹ کیلئے سکوک کے ذریعے قرض لیا گیا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اسلام آباد ایکسپریس وے گروی رکھنے کی بھی تجویز ہے۔ پوری دنیا میں سکوک بانڈجاری کرکے قرض لینے کا رحجان ہے۔ سعودی عرب، قطر، اومان، ترکی، مراکو اور انڈونیشیا سکوک جاری والے ممالک میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر قرضہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے بھی اجازت حاصل کر لی گئی ہے۔