Get Alerts

خیبرپختونخوا : سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا : سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی:پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے تین مختلف کارروائیوں کے دوران 9 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

بیان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے، جو بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج تھے۔ اسی طرح ٹانک میں کی گئی کارروائی میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

تیسری کارروائی خیبر کے علاقے باغ میں کی گئی، جہاں 3 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان تمام خوارج کا تعلق مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں سے تھا، اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

فوجی ترجمان نے بتایا کہ ان علاقوں میں مکمل سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کے باقی نیٹ ورکس کو بھی ختم کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی اور دہشت گردوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
 
 
 

ٹیگز: