پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ

 لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا۔ پنجاب میں سیکیورٹی اداروں کے جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آپریشن ردالفساد کے تحت پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی، انتہا پسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں آپریشن ردالفساد کے تحت دہشت گردوں، سہولت کاروں اور ان کے مالی معاونت کاروں کے خلاف جاری آپریشنز پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ صوبہ بھر میں مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ رینجرز، سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشنز کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کمین گاہوں سے نکال کر عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔

اجلاس میں مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی کرنل (ر) ایوب، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل سردار طارق امان، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید، انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق سکھیرا نے شرکت کی۔

ایپکس کمیٹی کے چار گھنٹے طویل اجلاس کے بعد اعلامیے میں پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے لیکن اس کا اعلان ابھی نہیں کیا جا رہا۔ پی سی بی کو اپنی تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں