لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر میں فالج (Stroke) کے مریضوں کو فوری اور جدید طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ہر ضلع میں سٹروک مینجمنٹ سنٹر قائم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد دور دراز علاقوں کے مریضوں کو بروقت علاج فراہم کر کے معذوری اور اموات کی شرح میں کمی لانا ہے۔ ہر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال میں نیورالوجسٹ اور پیڈز نیورالوجسٹ (بچوں کے اعصابی امراض کے ماہر) تعینات کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے سٹروک کے مریضوں کے لیے فوری طور پر ٹیلی میڈیسن پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سسٹم کے تحت ضلعی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز فالج کے مریض کے علاج کے لیے ماہرین اور کنسلٹنٹس سے براہِ راست ٹیلی فونک یا ویڈیو رابطہ کر سکیں گے۔ ہر ضلع سے ایک ڈاکٹر اور ایک نرس کو فوری طور پر تین ماہ کی خصوصی سٹروک مینجمنٹ ٹریننگ کرائی جائے گی تاکہ وہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق فالج کے حملے کے بعد ابتدائی چند گھنٹے (Golden Hours) انتہائی اہم ہوتے ہیں۔ مقامی سطح پر ان سنٹرز کے قیام سے مریضوں کو بڑے شہروں کے ہسپتالوں تک منتقل کرنے میں ضائع ہونے والا قیمتی وقت بچایا جا سکے گا۔