Get Alerts

 پاکستان امن کا علمبردار ہے ،دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے: وزیراعظم

 پاکستان امن کا علمبردار ہے ،دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے: وزیراعظم

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

پاکستان نیوی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بیرونی عناصر ملوث ہیں، تاہم حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی معاہدے میں پاکستان کا کردار ملک کے لیے اعزاز کی بات ہے اور آج پاکستان دنیا میں ایک "پیس میکر" کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کو دوست ممالک کی حمایت حاصل رہی اور پاکستان نے اس عمل میں ثالث کا کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے دن رات محنت کی، جبکہ ایرانی صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد دونوں برادر ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیر، فلسطین اور غزہ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور خطے میں دیرپا امن صرف مذاکرات، تعمیری مکالمے اور مؤثر سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک بحریہ نے شاندار کردار ادا کیا، جبکہ حکومت قومی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نیوی کی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگرچہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی سطح پر مختلف چیلنجز درپیش ہیں، تاہم حکومت قومی اتحاد، مضبوط دفاع اور مؤثر پالیسیوں کے ذریعے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ٹیگز: