'وہ دن نہیں بُھلا سکتا جب ماں نے پہچاننے سے انکار کر دیا تھا'

'وہ دن نہیں بُھلا سکتا جب ماں نے پہچاننے سے انکار کر دیا تھا'

ممبئی: بالی ووڈ پر حکومت کرنے والے کنگ شاہ رخ خان کی زندگی میں کچھ ایسے لمحات بھی آئے ہیں جنہیں یاد کر کے وہ آبدیدہ ہو جاتے ہیں۔ ایک شو کے دوران انہوں نےانکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں وہ دن کبھی نہیں بھلا سکتا جب میری ماں نے مجھے پہچاننے سے انکار کر دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان نے ہدایت کار عزیز مرزا کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے عزیز مرزا کے ساتھ بہت ساری کامیاب فلموں میں کام کیا ہے جن میں ’’راجو بن گیا جینٹلمین‘‘، ’’یس باس‘‘اور ’’چلتے چلتے‘‘ شامل ہیں لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ شاہ رخ خان کے ڈراما سیریل ’’سرکس‘‘ کی ہدایات بھی عزیز مرزا نے ہی دی تھیں اور وہ چاہتے تھے کہ ان کے ڈرامے کی پہلی قسط ان کی ماں دیکھیں لیکن ان دنوں شاہ رخ کی والدہ کی طبیعت بہت خراب تھی اور وہ اسپتال میں داخل تھیں۔

شاہ رخ نے آبدیدہ لہجے میں کہا کہ وہ بستر مرگ پر تھیں اور کسی کو بھی پہچان نہیں پا رہی تھیں۔ تاہم انہوں نے اسپتال انتظامیہ سے خصوصی طور پر اجازت لے کر اسپتال میں ٹی وی پر ڈرامے کی پہلی قسط دکھانے کا انتظام کیا تاہم ان کی ماں انہیں ٹی وی میں پہچان ہی نہیں سکیں اور یہ دیکھ کر شاہ رخ دکھی ہونے کے ساتھ بہت جذباتی ہو گئے۔شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ اس وقت میری ماں دلیپ کمار کے علاوہ اور کسی کو بھی پہچان نہیں رہی تھیں انہوں نے ٹی وی پر مجھے دیکھ کر بہت کمزور آواز میں کہا کہ ’’شاہ رخ وارخ کچھ نہیں ہے‘‘ اس وقت ہدایت کار عزیز مرزا بھی وہیں موجود تھے انہوں نے میری ماں سے کہا ’’فکر نہ کریں ایک دن آپ کا بیٹا بہت مشہور اداکار بنے گا اور انشا اللہ ایک دن یہ دلیپ کمار کی طرح مشہور ہو گا‘‘۔

یاد رہے کہ ڈراما سیریل ’’سرکس‘‘کی پہلی قسط بھارتی ٹی وی پر 1989 میں نشر ہوئی تھی اور ان کی والدہ لطیف فاطمہ خان کا انتقال 1990 میں ہوا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں