کراچی میں طوفانی بارش، سڑکوں پر پانی جمع، ایک شخص جاں بحق

کراچی میں طوفانی بارش، سڑکوں پر پانی جمع، ایک شخص جاں بحق
کیپشن: شہر قائد کے باسی بارش سے خوش ہونے کے بجائے کچھ خوف زدہ سے ہو گئے ہیں۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: کراچی میں صبح سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جو جمعے کی شام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔بدھ کی سہہ پہر ہونے والی بارش وقفے وقفے سے برستی رہی۔ رات میں ہونے والی بارش تیز ہواؤں اور بجلی کی کڑکڑاہٹ کے ساتھ ہوئی۔ تیز ہواؤں سے کئی علاقوں میں درخت بھی گر گئے۔ کورنگی مہران ٹاؤن میں دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی جن میں یونیورسٹی روڈ، نارتھ ناظم آباد، سائٹ انڈسٹریل ایریا، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، لیاری، سہراب گوٹھ، ایف بی ایریا اور آئی آئی چندریگر روڈ شامل ہیں۔

شہر قائد کے باسی بارش سے خوش ہونے کے بجائے کچھ خوف زدہ سے ہو گئے ہیں کیونکہ پچھلے دنوں ہونے والی بارشوں میں ہونے والی ہلاکتوں اور جمع ہونے والے پانی کی وجہ سے شہری اب تک اس کرب سے نہیں نکل پائے۔

بارش کے باعث شاہراؤں پر موٹر سائیکل پھسلن کے کئی واقعات بھی رونما ہوئے جب کہ کئی علاقوں میں بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

شہر میں سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 32 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ صدر میں 28، یونیورسٹی روڈ پر20، سرجانی ٹاؤن میں 11، جناح ٹرمینل پر 9، لانڈھی میں 8، ائیرپورٹ پر5 اور پی اے ایف فیصل بیس پر 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ ٹھٹہ اور دھابیجی میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بھی شہر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔