کورونا وائرس: ایس او پیز کا دائرہ کار 27 شہروں تک بڑھا دیا گیا

Corona virus: The scope of SOPs has been extended to 27 cities
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ایس او پیز کا دائرہ کار 27 شہروں تک بڑھاتے ہوئے تمام تجارتی سرگرمیاں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم دیدیا ہے، تمام مارکیٹیں ہفتے میں 2 دن مکمل بند رہیں گی۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ہفتے میں دو دن کی چھٹیوں کا تعین صوبوں کی اپنی صوابدید پر ہوگا۔ تعلیمی ادارے پچاس فیصد حاضری کے ساتھ ہفتے میں 3 دن کھلیں گے۔

ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہو گی۔ آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات میں 300 مہمانوں کی اجازت ہوگی۔ تقریبات کا وقت رات 10 بجے تک برقراررکھا گیا ہے۔

پبلک ٹرانسپورٹ پر سواریوں کی شرح 50 فیصد جبکہ ٹرین میں 70 فیصد سواریوں کی پابندی بھی برقرار رکھی گئی ہے۔ پبلک مقامات پر کورونا پروٹوکولز پر مکمل عمل درآمد لازمی ہوگا۔ مزارت اور سنیما گھروں پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 69 افراد دم توڑ گئے ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے اس موذی مرض میں مبتلا جاں بحق افراد کی تعداد 25 ہزار 604 ہو گئی ہے۔

چوبیس گھنٹے کے دوران 3 ہزار 909نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 11 لاکھ 52 ہزار 527 تک جا پہنچی ہے۔

این سی او سی کے مطابق چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 62 ہزار 918 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6.21 فیصد رہی۔