قذافی اسٹیڈیم مہمانوں کی میزبانی کے لیے تیار،انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

قذافی اسٹیڈیم مہمانوں کی میزبانی کے لیے تیار،انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

لاہور:قذافی اسٹیڈیم کودلہن کی طرح سجا دیا گیا،قذافی اسٹیڈیم کومہمان سری لنکن کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے لئے تیار ہے جہاں ٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے گراونڈ سج گیا اور دونوں ٹیمیں شام 6 بجے میدان میں اتریں گی۔

میچ سے قبل اسٹیڈیم کے اطراف تمام داخلی و خارجی راستوں کی سرچنگ کے بعد انہیں کلئیر قرار دے دیا گیا ہے۔شائقین کرکٹ کے لئے دوپہر 2 بجے گراونڈ کے دروازے کھول دیے جائیں گے اور انہیں مرکزی دروازے سے گراونڈ تک لانے کے لئے خصوصی فری شٹل چلائی جائیں گی۔


اپنی گاڑیوں میں آنے والے تماشائیوں کے لئے 4 مختلف مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جہاں سے انہیں شٹل کے ذریعے گراو¿نڈ تک لایا جائے گا۔کرکٹ میچ دیکھنے کے لئے آنے والے تماشائیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ لائیں۔


3 مارچ 2009 کو سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان عالمی کرکٹ کی میزبانی سے دور رہا لیکن آج پاکستان اور عالمی کرکٹ کے دروازے کھل گئے اور ایک مرتبہ پھر سری لنکن ٹیم قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ کھیلے گی۔ پاکستان پہنچنے پر مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور لاہور ایئرپورٹ پر پنجاب حکومت اور پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے مہمان کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا۔


سری لنکن ٹیم کے کپتان تھسارا پریرا نے بھی پاکستان پہنچنے پر گرمجوش استقبال کو یادگار قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں استقبال اور دورے کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔پاکستان ٹیم 3 میچز کی سیریز پہلے ہی 0-2 سے اپنے نام کرچکی ہے اور سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ شام 6 بجے کھیلا جائے گا۔