بھارت کا لاک ڈاؤن کو مزید دو ہفتے برقرار رکھنے کا فیصلہ

بھارت کا لاک ڈاؤن کو مزید دو ہفتے برقرار رکھنے کا فیصلہ
کیپشن: Image Source: File Photo

نئی دہلی: دنیا بھر میں کورونا وائرس نے جہاں پنجے گاڑے ہوئے ہیں وہیں پر عالمی سطح پر اس وباء سے نمٹنے کے لیے مختلف ممالک لاک ڈاؤن اور کرفیو لگا رہے ہیں کئی ممالک میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کو نرم کیا جا رہا ہے تاہم بھارت نے ملک میں لاک ڈاؤن کو مزید دو ہفتے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے . 


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ 4مئی کے بعد مزید 2 ہفتے لاک ڈاؤن جاری رہے گا، جہاں خطرہ کم ہوگا، وہاں لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی جائے گی،نئے احکامات کے تحت 17 مئی تک لاک ڈاؤن لاگو رہے گا۔

 خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کا شمار ان چند ممالک میں ہوتا ہے جس نے کورونا کی وبا کے پیش نظر سخت سفری پابندیاں عائد کیں۔ 25 مارچ کوشروع ہونے والے اس لاک ڈاؤن کے بعد ملک بھر میں ٹرینوں کی آمدورفت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ انڈیا میں کورونا وائرس سے اب تک 1100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دریں اثناء جاپان کے وزیرِ اعظم شینزو ایبے کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ وہ ملک میں ہنگامی حالت کو مزید ایک مہینے کے لیے بڑھا دیں۔

 خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اپنا حتمی فیصلہ ماہرین کے پینل کے مشورے سے کریں گے، جو کہہ رہے ہیں کہ اگرچہ ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے لیکن حالات ایسے نہیں ہیں جیسے وہ چاہتے ہیں۔ حالیہ ایمرجنسی کی مدت 6 مئی کو ختم ہو جائے گی۔