عوام کو سبز باغ دکھانے والے بے نقاب ہوگئے : مریم اورنگزیب

عوام کو سبز باغ دکھانے والے بے نقاب ہوگئے : مریم اورنگزیب

لاہور:ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کو سبز باغ دکھانے والے بے نقاب ہوگئے، حکومتی معاشی کارکردگی سنگدلانہ نالائقی ہے،معیشت کی بہتری کیلئے محنت اور قومی خدمت کا جذبہ چاہیے۔عمران صاحب کو حوریں اور عوام کو موت کے فرشتے نظرآرہے ہیں آپ کے ستائے ہوئے عوام نے فیکٹریوں اور صنعتوں کو تالے لگا کر چابیاں نالائقوں کے حوالے کردی ہیں۔


اپنے بیان میں ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے افسانے اور سبزباغ دکھا کر عوام کو دھوکہ دینے والوں کو معاشی حقیقتوں نے بے نقاب کردیا ہے نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)نے بدترین حالات میں بہترین کارکردگی دکھائی، عوام کو نہ صرف ریلیف دیا،اربوں کھربوں کے منصوبے لگائے بلکہ ملک کی ترقی کی رفتار بھی تیز کی نون لیگ نے ملک کی تاریخ میں سب سے بڑا ایک ہزار ارب کا عوامی ترقیاتی منصوبہ دیااسحاق ڈار نے 2013میں ذمہ داری سنبھالی تو 8.8فیصد خسارہ تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ  تین سال کی محنت سے وہ اسے 4.6فیصد پر لائے تھے اسحاق ڈار کی محنت سے ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں 60فیصد اضافہ ہوامسلم لیگ(ن) نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 250فیصد اضافہ کیانوازشریف کی قیادت میں ترقیاتی بجٹ دوگنا کیاگیا، مہنگائی کو نصف کیانوازشریف کی قیادت میں اسحاق ڈار کی محنت کا ثمر روپے کی قدر کے استحکام کی صورت میں قوم کو ملا، اسحاق ڈار کی معاشی محاذ پر کارکردگی کو عالمی اداروں نے تسلیم کیا اور پزیرائی کی تاہم عمران صاحب آپ نے بہترین حالات میں بدترین کارکردگی اور کرپشن سے ہر کامیابی کو ناکامی میں بدل دیا۔


انہوں نے کہا کہ  اپنے غرور، تکبر، جھوٹ، ہٹ دھرمی اور کرپشن سے ترقی کرتے ملک کو بریک لگادی، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کی معاشی بنیاد مضبوط کرنے والوں کے خلاف جھوٹے اور سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات قائم کئے اسحاق ڈار کو ملک وقوم کی خدمت کی سزا ان پر بے بنیاد الزامات کا کیچڑ اچھال کر دی گئی عمران صاحب کی معاشی کارکردگی ملی بھگت سے لوٹ مار اور سنگدلانہ نالائقی ہے عمران صاحب آپ اسحاق ڈار پر تہمت لگاکر معیشت کو بہتر نہیں بناسکتے عمران صاحب معیشت کی بہتری کے لئے خلوص، ایمانداری، محنت اور قومی خدمت کا جذبہ چاہئے عمران صاحب اسحاق ڈار نے ترقی کی شرح 5.8 فیصد کی، جسے آپ نے تباہ کردیا۔