پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ بھی کورونا کا شکار ہوگئے

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ بھی کورونا کا شکار ہوگئے

کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں ۔ 

تفصیلات کے مطابق  خورشید شاہ تین روز سے بھتیجے کے انتقال کے باعث پے رول پر رہا ہیں ،خورشید شاہ کے چھوٹے صاحبزادے زیرک شاہ  کی بھی کورونا رپورٹ مثبت آئی ہے۔
،،خورشید شاہ کا بھتیجا عدیل شاہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا تھا۔ خورشید شاہ کی پے رول پر رہائی آج  شام تک تھی لیکن رپورٹ مثبت آنے پر وہ اسپتال منتقل ہوگئے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کی مہاماری جاری ہے ،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 79 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 4 ہزار 213 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی شرح کم ہو رہی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 45 ہزار 954 ٹیسٹ کیے گئے، کورونا مثبت کیسز کی شرح 9.16 فیصد رہی۔

ملک میں حالیہ ہلاکتوں کے بعد کورونا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 149 ہو گئی ہے۔

نیشنل کماںڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ملکی صورتحال ایسی ہو چکی ہے کہ ہمیں کورونا سے بچنے کیلئے اب بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ پوری دنیا میں اس مرض کے لاکھوں کیس رپورٹ ہو رہے ہیں اور ان کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہی دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ اس موذی وبا سے بچنے کیلئے ہمیں سخت احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ ملکی حالات سنگینی کی حد کو نہ پہنچ جائیں۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر آٹھ لاکھ چونتیس ہزار ایک سو چھیالیس افراد میں کورونا تشخیص ہوئی۔ یہاں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 87 ہزار 953 ہے جبکہ اب تک اس مرض سے 7 لاکھ 28 ہزار 44 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ روز خیبر پختونخوا میں 42، پنجاب میں 22، سندھ میں 9 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد کی اموات رپورٹ ہوئیں۔

آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 17 ہزار 371، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 327، اسلام آباد میں 76 ہزار 209، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 20 ہزار 64، پنجاب میں 3 لاکھ 6 ہزار 620، سندھ میں 2 لاکھ 85 ہزار 636 ہو چکی ہے۔ اس وقت کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 5377 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پشاور میں 65، سوات میں 63، لاہور میں 59 فیصد، مردان کے 70 فیصد، لاہور میں 70 فیصد، گوجرانوالہ میں 57 فیصد، ملتان میں 74 فیصد اور مردان میں کورونا مریضوں کیلیے مختص 80 فیصد وینٹی لیٹرز پر مریض موجود ہیں۔